ملک بھر میں ڈینگی کے خطرناک وار جاری ہیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے جس کے پیش نظر یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے جن میں سے 38کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں میں سندھ بھر میں 337کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 268کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ضلع وسطی میں 76 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ضلع شرقی 61،ضلع کورنگی 41 کیسز ، ضلع جنوبی 32،ضلع ملیر 32 ، ضلع کیماڑی 11 اور ضلع غربی 15کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 38 افراد اور حیدرآباد میں 2اور میرپور خاص میں 1 اور سانگھڑ میں 1 شخص جان کی بازی ہارا ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے مزید بتایا کہ یکم اکتوبر تا آج تک کراچی میں 1 ہزار 697کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی سے ایک اورشخص جاں بحق ہوگیا ہے، جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں ڈینگی کے مزید 328 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے میں ڈینگی کیسزکی تعداد 11 ہزار71 ہوگئی۔
محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ پشاور میں مجموعی کیسز کی تعداد 4 ہزار318 ہوگئی ہے جبکہ مردان میں 2 ہزار 664 ، ضلع خیبر میں 860، نوشہرہ میں تعداد 652 تک پہنچ گئی ہے۔
صوبہ بلوچستان کی بات کی جائے تو وہاں بھی ڈینگی وار جاری ہیں، صوبے میں ڈینگی کیسز 3 ہزار 869 ہوگئے ہیں۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 24 لسبیلہ سے ، کیچ سے 14، گوادر سے 3 اور کوئٹہ سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔