معیشت کی تباہی کرنے والوں کو حکومت میں واپس لایا جا رہا ہے، شہباز گل

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ معیشت کی تباہی کرنے والوں کو حکومت میں واپس لایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے کے پی ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو اغوا کیا گیا ہے، ایف آئی اے نے بیان جاری کیا کہ کسی کو حراست میں نہیں لیا تھوڑی دیر بعد رانا ثنا اللہ کہہ رہے ہیں کہ حراست میں لیا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ اب وزیر داخلہ بتائیں کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں یا ایف آئی اے؟ رانا ثنا اللہ ایک دن میں 33، 34 جھوٹ بولتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے نہ وطن کے ساتھ اور نہ ہی اپنی پارٹی کے ساتھ وفا کی، ڈار کو اسی جہاز میں لے کر جانا شاید وہ تھپڑ تھا یا اب وطن واپس لاکر عوام کے منہ پر تھپٹر مارا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آج آڈیو لیک کروائی گئی ہے، آڈیوز جوڑ کر حکومت نے واحیات حرکت کی ہے، عمران خان خرید و فروخت کرتے تو وہ وزیر اعظم ہوتے، ان کے پاس ایم این اے کی تعداد 84 ہے جن میں سے 76 کابینہ میں شامل ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ ہمت کریں باقی آٹھ ارکان اسمبلی کو بھی کابینہ میں شامل کریں، مریم اورنگزیب صاحبہ بہن ہیں لیکن بہت بدتمیز ہیں، آپ چشمے کی بات کرینگے تو کوئی سرجری کی بات کرے گا، آپ کو عمران خان کے چشمے میں اتنی دلچسپی کیوں ہے؟ مریم اورنگزیب نے اپنے شوہر کے کہنے پر اربوں کے سگریٹ پر ٹیکس معاف کئے، مریم ٹویٹر ٹویٹر بکواس کرتی ہیں، انہوں نے سخت باتیں کیں اور میں نے جواب دے دیا، سخت بولنے پر جھوٹا کیس ڈال دیتے ہیں، ن لیگ جواب نہیں دے پاتےتو سیاسی مخالفین پر مقدمات بنا دیتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مریم اورنگزیب آٹا، چینی مہنگائی کا راگ آلاپ رہی ہے لگتا ہے کہ مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کا نام عمران خان رکھ دیا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ نام عمران خان رکھنے سے ڈوبی معیشت کو سہارا مل سکے گا، یہ اب موڈیز کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ ہماری مرضی کی ریٹنگ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحق ڈار کہہ رہے ہیں کہ ڈالر 200 روپے کا ہونا چاہیے، اس کا مطلب ہے کہ آپ کے وزیر خزانہ نے ڈالر کی قیمت بڑھا کر پیسہ کمایا، انہوں نے جرم کا اعتراف کیا ہے کہ جعلی طریقے سے ڈالر کی قیمت بڑھائی، اسحق ڈار کے اعتراف کے بعد مفتاح اسماعیل اور دیگر ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کو کینٹینرز سے بھر دیا ہے، پنجاب اور کے پی کے وزرا کو انکے صوبوں سے لائے جانیوالے کینٹینرز کا معاملہ دیکھنا چاہیے۔

شہباز گل نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا دونوں صوبوں سے کینٹنرز کہاں سے آرہے ہیں عوام نے انہیں چپ رہنے کیلئے ووٹ نہیں دیا، اسلام آباد پولیس ریہرسل کی ویڈیوز بنا رہی ہے، رانا ثنا اللہ ایسی ویڈیوز سے عوام کو ڈرانا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس بار عمران خان کی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے، اس بار کسی کو موقع نہیں ملیگا، بہت جلد یہ اسلام آباد سیل کر دینگے، انکی بزدلی پی ٹی آئی کے فائدے میں ہے اب یہ آٹو پائلٹ پر ہے، یہ اپنے سامان کی خود حفاظت کریں، کچھ سواریاں لانگ مارچ کے خطرات سے بچنے کیلئے تشریف لے جا چکی ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آڈیو جعلی ہے، فرازنک کیوں کروائے؟ پنجاب حکومت ہمارے لانگ مارچ کو کیوں سپورٹ کرے ہم فیض آباد پہنچے گے تو یہ ختم ہو چکے ہونگے، میرا ہارڈ وئیر اپ ڈیٹ ہوا ہے مجھے بمباری جیسی گفتگو کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کسی ادارے کے خلاف نہ بات کی نہ کروں گا، میرا سافٹ ویئر بچپن سے اپڈیٹ ہے، آپ میں سے کسی نے میرا اصل بیان تو سنا ہی نہیں، مختلف جملوں کو جوڑ کر میرا بیان بنایا گیا۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment