عمران خان اپنا ساتھ دینے والوں کو بھی غدار کہتے ہیں، یوسف رضا گیلانی

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنا ساتھ دینے والوں کو بھی غدار کہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے مسلم لیگ (ن) کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پارٹی ڈسپلن کے تحت مجھے مدعو کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی فیصلے کے بعد ہم مل کر الیکشن کمپین کررہے ہیں، پی ڈی ایم جماعتوں کی طرف سے علی موسیٰ گیلانی کو این اے 157 میں نامزد کیا گیا ہے، یہ بہت اہم الیکشن ہے، اس لئے آپ تیر پر مہر لگائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ عمران خان کے جھوٹے بیانیہ سے ہے، اگر آپ یہاں سے جیت کر نکلیں گے تو عمران خان کا بیانیہ مکمل ختم ہوجائے گا جبکہ عمران خان اپنا ساتھ دینے والوں کو بھی غدار کہتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نے عدم اعتماد کے موقع پر ساتھ نہ دینے والوں کو برملا غدار کہا جبکہ ایسے عظیم لوگوں کے بارے غداری کا لقب دینا ان کو زیب نہیں دیتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نواز شریف اور میرے دوست بھی ہمیں چھوڑ گئے ان کو کیا کہیں؟ میرے خیال میں ان کو غدار کہنا مناسب نہیں ہے، مجھے بتائیں کیا مجھے امریکہ نے جتوایا تھا جبکہ ان کے لوگ کہتے تھے کہ آپ نے ہمیں فنڈز نہیں دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کے لئے جن کو یہ نیوٹرل کہتے ہیں انہیں کہا کہ ہمیں اعتماد کو ووٹ دلوائیں، پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں کوئی عدم اعتماد کامیاب ہوا؟ جبکہ ان کے خلاف دو مرتبہ عدم اعتماد کامیاب ہوا اور یہ سب ان کی نا اہلی کی وجہ سے ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ایک  طویل جدوجہد ہے، بے نظیر بھٹو اور  نواز شریف کے درمیان میثاق جمہوریت ہوا، کسی کو راستے سے ہٹا سکتے لیکن اس کے ویثرن کو ختم نہیں کر سکتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری نے چارٹرڈ آف ڈیموکریسی کے تحت اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دیے جبکہ آج کل تو کوئی چپڑاسی بھی اپنے اختیارات نہیں چھوڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جیلیں کاٹیں لیکن کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، آپ بتائیں کتنے لوگ مستقل مزاج ہیں، یہاں کوئی ایک جگہ چھوڑتا ہے تو وہ اسے گالیاں دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں ایک سابق وزیر خارجہ ہیں وہ بھی گالیاں دیتے ہیں، سابق وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ اس نے عمران خان کو بتایا کہ اسے پی ٹی آئی نے ایم پی اے کا الیکشن ہروایا، سابق وزیر خارجہ جب مجھے دیکھتے ہیں تو ان کو بہت غصہ آتا ہے۔

   سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ شاہ محمود قریشی کو جواب دیں لیکن ہم غوث کی اولاد ہیں، ہم دعا کرسکتے ہیں کہ اللہ سابق وزیر خارجہ کو صبر دے جبکہ سابق وزیر اعظم کا توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کیس واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس سے بنائی گئی پارٹی امپورٹڈ پارٹی ہے، امپورٹڈ پارٹی اور امپورٹڈ امیدوار ان کے ہیں اور یہ ہمیں امپورٹڈ حکومت کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے بھی کنٹینر پر تھے اب بھی کنٹینر سے نہیں اترنا چاہتے، الیکشن وقت پر ہوں گے،  یہ ہوتے کون ہیں ہمیں بتانے والے۔

     سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم این اے 157 میں ملک عبدالغفار ڈوگر مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) سمیت تمام جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں، ہمیں کسی سے گلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے آنے سے ان کو پریشانی ہے، ان کو پتہ ہے ڈالر نیچے آئے گا، پٹرول، بجلی سستی ہوئی ہے، اس لیے یہ ملک میں سیاسی استحکام نہیں آنے دیتے ان کو فکر ہے کہ اب روزانہ ان کے راز افشا ہوں گے۔

        ان کا کہنا تھا ہم کہتے ہیں کہ سیلاب متاثرین کی مدد کریں اور عمران خان کہتا ہے کہ الیکشن کروائیں، ان کو کیا پتہ سائفر کیا ہے اور خط کیا ہے؟

  سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں خواتین علی موسیٰ گیلانی کی مدد کریں کیونکہ اس میں آپ کا بڑا رول ہے۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment