وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مارچ کو روکنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی وزیر خورشید شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں بھی آتے ہیں اور مارچ بھی کریں اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانون غیر آئینی طریقہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی صوبے کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ وفاق پر حملہ کرے، آئین کو ختم کر دیں پھر جس کے ہاتھ میں لاٹھی ہوگی وہ حکمران ہوگا۔
‘آرمی چیف کی تعیناتی وزیر اعظم کا اختیار ہے’
خورشید شاہ نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیر اعظم کا اختیار ہے، عمران خان کے کہنے نہ کہنے سے فرق نہیں پڑتا۔
انکا کہنا ہے کہ سیاستدان جو وعدہ کرتا ہے وہ پورا کرتا ہے یہ سیاستدان ہوتا تو یوٹرن نہ لیتا، عمران خان کی تاریخ یوٹرن سے بھری پڑی ہے۔
‘ہمارے اندر کے حکمران بھی یہی چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی نہ کرے’
وفاقی وزیر نے کہا کہ کافی عرصے سے زیادتی ہو رہی ہے کہ کوشش کی جارہی ہے پاکستان ہر بڑے ادارے آئی ایم ایف ورلڈ بینک میں مقروض رہے، ہمیں آپشن ہی نہیں دیا گیا، وہی چیز جو دوسروں کے لئے حلال تھی ہمارے لئے حرام تھی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نظر یہی آتا ہے کہ دنیا چاہتی ہے پاکستان ترقی نہ کرے اور ہمارے اندر کے حکمران بھی یہی چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی نہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی فیصلہ ہوتا ہے پارلیمنٹ سے استعفیٰ نہیں دیا جاتا، سیاست کا بنیادی ستون پارلیمنٹ ہے، جو بنیادی ستون سے ہٹ جاتا ہے وہ سیاست دان نہیں کہلاتا، یہ لوگ سیاست کریں گے دہشتگردی نہیں کریں گے۔