موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے فوڈ سیکیورٹی کا خطرہ ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے فوڈ سیکیورٹی کا خطرہ ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ابھی سیلاب متاثرین کے لیے آپ کی مدد کی ضرورت ہے، سیلاب سے3ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

‘شہباز شریف پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں’

انہوں نے کہا کہ لوگ سیلاب میں بھی سازشیں کررہے ہیں کہ ان کی حکومت آئے، بیماریوں کی وجہ سے اسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہباز شریف پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں، سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، اگر ہم ایک ملک ہیں تو ایک ہو کر اس آفت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

‘سیلاب کا پانی ابھی تک سندھ میں داخل ہورہا ہے’

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاوہ پورے صوبے میں سیلاب متاثرین ہیں، اس آفت کو اسی انداز میں لیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ دو پاکستان ہوں، ایسا نہیں ہوسکتا ایک پاکستان ڈوبے اور باقی اپنی سیاست چمکائیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یہ سیلاب آسمان سے نیچے آیا یہ قیامت سے پہلے قیامت ہے، سیلاب سے اسپتال بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ اور سول سوسائٹی نے بہت کام کیا، سیلاب متاثرین کئی ممالک کی آبادی سے زیادہ ہیں، ابھی تک بلوچستان کے پہاڑوں سے سیلاب کا پانی سندھ میں داخل ہورہا ہے۔

‘سیلاب کا 50فیصد پانی نکالا جاچکا ہے’

بلاول بھٹو نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے فوڈ سیکیورٹی کا خطرہ ہے، متاثرہ علاقوں میں سڑک کے دونوں جانب پانی ہے، سیلاب کا 50فیصد پانی نکالا جاچکا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سیلاب سے 3کروڑ سے زیادہ آبادی متاثر ہوئی، پاکستان اس وقت قدرتی آفت کا شکار ہے، کسی نے سیلاب کی تباہ کاری دیکھنی ہے تو خیرپورناتھن شاہ جائے۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment