صدر مملکت نے کہا ہے کہ اسٹریٹ چلڈرن کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی انڈر 16 اسٹریٹ چلڈرن کی ٹیم اور مسلم ہینڈز کے عہدیداران سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، انہیں جدید ترین آئی ٹی ٹولز اور تربیت سے لیس ہونا چاہیے تاکہ وہ ملک کے مفید شہری بن سکیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مسلم ہینڈز کی جانب سے بے سہارا بچوں کی مدد، انہیں صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے، مناسب تربیت، تعلیم کے ساتھ ساتھ فٹ بال ٹورنامنٹس میں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کرنے جیسے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ کہ ایسے اقدامات ہاکی اور کبڈی جیسے دوسرے کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی کئے جانے چاہئیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن اور 20 ملین سے زائد سکول نہ جانے والے بچوں کو باقاعدہ تعلیم کے دھارے میں شامل کرنا انہیں قیمتی انسانی وسائل میں تبدیل کرنے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اگرچہ حکومت بہت سے اقدامات کر رہی ہے تاہم پسماندہ بچوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی کہ اسٹریٹ چلڈرن کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے تاکہ ان کی کردار سازی اور اعتماد سازی کے ساتھ ساتھ تربیت کے ذریعے انہیں عالمی معیار کے کھلاڑی بننے میں مدد فراہم کی جائے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے اور فٹ بال کا کھیل بھی ملک کے کونے کونے میں یکساں مقبول ہے، کھیلوں کا فروغ ہمارے نوجوانوں کو تناؤ کو کم کرنے اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد دے سکتا ہے۔