چور عوام میں جاتے ہیں تو شیطان کی طرح ان کو کنکریاں ماری جاتی ہیں، حلیم عادل

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ چور عوام میں جاتے ہیں تو شیطان کی طرح ان کو کنکریاں ماری جاتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں علاج نہیں کیا گیا جو کہ کرمنل ایکٹ ہے، پاؤں سلپ ہوا تو ٹانگ میں راڈ متاثر ہوئی مگر علاج نہیں ہوا۔

حلیم عادل نے کہا کہ سندھ حکومت بیان کر رہی ہے کہ سیلاب متاثرین کو ہزاروں ٹینٹس اور پکا ہوا کھانا دیا جا رہا ہے، 119 جہاز متاثرین کیلئے امداد لیکر آئے، وزیر اعظم کے مطابق 70 فیصد حصہ سندھ کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول میڈیا سیل کے مطابق ڈیڑھ سو ارب روپے جمع ہوئے ہیں، اتنی امداد کے بعد آج جب میں نے ٹنڈو اللہ یار کا دورہ کیا تو وہاں کا پانی ابھی تک نہیں نکلا ہے، آج بھی کیمپوں میں لوگ ہیں اور دیہات میں کشتیوں سے آجا رہے ہیں، سندھ کا تمام بجٹ غائب ہو چکا ہے، امداد ہی نہیں مل رہی، فراڈ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ڈوبا نہیں ہے بلکہ ڈبویا گیا ہے، 14 سال سے آبپاشی محکمہ کا سٹم علی حسن کے پاس ٹھیکیداری پر ہے، 14 سال سے مافیہ کی حکومت ہے اور یہی لوگ سندھ کی تباہی کے ذمے دار ہیں۔

حلیم عادل نے کہا کہ آج بھی دادو، کین شاہ، سہیون میں 7 فٹ تک پانی کھڑا ہے، کے پی کے میں پانی آیا عمارتیں بہا کر لے گیا، اس کے بعد ایک ہفتے بعد کوئی خبر آئی ہو کہ کہیں پانی کھڑا ہے، پنجاب میں سیلاب کے دس روز بعد وہ چیز دیکھنے کو نہیں ملی جو سندھ میں نظر آرہی ہے، یہاں کیمپوں میں بچیوں کی عزتیں لٹ رہی ہیں اور یہ چین کی بانسری بجا رہے ہیں، 119 جہازوں کے ٹرک اگر کسی نے دیکھے یں تو ہمیں بھی بتائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی ضرورت سندھ کو ہے، 16 سیٹوں کا فرق ہے کوئی بڑا فرق نہیں ہے، عمران خان ہفتے دس دن میں کال دیں گے اور سندھ کے عوام کال پر جائیں گے، سندھ میں تباہی بربادی دیکھ رہا ہوں دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے لوگ برباد ہو رہے ہیں، میں چیف جسٹس سے اپیل کر رہا ہوں کہ انکوائری کمیشن بنائیں، تحریک انصاف جو مدد کر سکی وہ کی، اب دوبارہ آباد کرنے کے عمل کو بھی مکمل کریں گے، گھر ٹوٹنے والے کا گھر گوگل میپ پر تصدیق کریں گے اور انہیں بائیو میٹرک سے پیسے ملیں گے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی وجہ یہ ہے کہ عامر لیاقت کی سیٹ پر یہ سب ایک تھے اور نتیجہ سب نے دیکھا ہے۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment