مشیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر پیٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم کے مقدمے کا فیصلہ آگیا، آپ اپنی بہنوں کو گالیاں دیتے رہے کیا ملا؟ عدالت نے پوچھا کیا مریم نے والد کی معاونت کی؟ عدالت نے پوچھا ٹین والیم سیمت کسی دستاویز میں ہے کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ کی؟ جب عدالت نے کاغذ مانگا تو سب خاموشی ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب عدالت نے کہا کہ بتائیں مریم 1994 میں پبلک آفس ہولڈر تھی یا 2006 میں تو مریم کو ایک سال جیل میں رکھا گیا۔
مصدق ملک نے کہا کہ عدالت نے پوچھا لندن میں اثاثے کی مالیت کیا تھی جواب کچھ نہیں تھا، میں پوچھتا ہوں سسلین مافیا کون تھا؟ وہ لوگ کہاں ہیں جو گلی محلوں میں چور چور کی آوازیں لگا رہے ہیں؟ خانے کعبہ میں چور چور کے نعرے لگائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حلف میں ریاست کے راز کی پاسداری پر سمجھوتہ نہ کرنا شامل ہوتا ہے، وہ سائفر کیا تھا کہاں گیا؟ کبھی امریکہ سازشی بن جاتا ہے پھر اسی امریکہ میں لابسٹ رکھا جاتا ہے، کل کے مجمعے میں ہٹلر کے سلوٹ پر حلف لیا گیا۔
مشیر برائے پیٹرولیم نے کہا کہ سردیوں میں جتنی گیس گزشتہ سال تھی اتنی گیس کا بندوبست ہو گیا ہے، آج دنیا میں چالیس ڈالر پر بھی گیس نہیں مل رہی، گزشتہ سال سے ریلیف ملے گا ہم تین سال میں ملک میں توانائی بحران پر قابو پائینگے۔
مصدق ملک نے کہا کہ جب یورپ گیس خرید رہا تھا تو کیا یہ سوئے ہوئے تھے؟ گیس کا انتظام کر لیا ہے گزشتہ سال سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا، عنقریب توانائی کے حوالے سے ایک پلان کا اعلان کریں گے، پلان کے تحت ملک آئندہ تین سے چار سال میں توانائی میں خود کفیل ہو جائے گا، سردیوں میں گیس سپلائی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتری آئے گی۔