پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نے لاہورہائی کورٹ سے پاسپورٹ وصول کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدرمریم نوازاپنے پاسپورٹ کے حصول کیلئے لاہورہائی کورٹ پہنچیں۔
پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد مریم نوازمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کیے بغیرہائی کورٹ سے روانہ ہو گئیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست کا تحریری حکم بھی جاری کیا۔
چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے تحریری حکم جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب نے مریم نواز کی درخواست مخالفت کرنے میں معذوری ظاہر کی۔
عدالتی تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ مریم نوازکے نیب کو ٹرائل یا تفتیش کی لیے مطلوب نہ ہونے کا بیان بھی نیب پراسیکیوٹر نے دیا۔ نیب کے جواب کے بعد کے حالات میں عدالت کے پاس مریم نواز کی درخواست منظورکرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں رہا۔
تحریری حکم میں یہ بھی کہا گیا کہ لاہورہائی کورٹ نے جس فیصلے میں مریم کا پاسپورٹ رکھوایا گیا تھا اس کو واپس لیا جاتا ہے۔ ڈپٹی رجسٹرارجوڈیشل تصدیقی مراحل مکمل کرنے کے بعد مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کرے۔