محبت کا ہارمون ٹوٹے دل کو جوڑ سکتا ہے

سائنسدانوں کے مطابق ہمیں خوشی دینے یا دوستوں یا عزیزوں کے ساتھ روابط بڑھانے میں ایک ہارمون کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ اس ہارمون کو آکسیٹوسین کہا جاتا ہے جو ایک طرح کا نیورو یا دماغی ہارمون بھی کہلاتا ہے۔ اب معلوم ہوا ہے کہ عین یہی ہارمون دل کے عارضے اور ہارٹ اٹٰیک کا ازالہ بھی کرسکتا ہے۔ باالفاظ دیگر یہ دل کے کئی امراض کا مداوا بھی بن سکتا ہے۔

اب مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے زیبرا فِش اور انسانی خلیات پر تحقیق کے بعد کہا ہے کہ غیرمعمولی طور پر محبت کا ہارمون آکسیٹوسین ، خلیاتِ ساق یا اسٹیم سیل کو متحرک کرتا ہے اور یوں دل کی بیرونی پرت ایپی کارڈیئم کے خلیاتِ ساق اپنی جگہ بدل کر دل کی اندرونی پرت بناتے ہیں اور ایسے خلیات میں ڈھل جاتے ہیں جو دل کی دھڑکن یعنی سکڑنے اور پھیلنے کو ممکن بناتے ہیں۔ اس تحقیق کو استعمال کرتے ہوئے مستقبل میں ہم دل کے دورے سے متاثرہ قلب کی مرمت بھی کرسکیں گے۔ یہ تحقیق فرنٹیئرز ان سیل اینڈ ڈویلپمنٹ بائیلوجی میں شائع ہوئی ہے۔

جامعہ سے وابستہ پروفیسر ایٹور آگورے کہتے ہیں کہ ہم نے زیبرا فش اورتجربہ گاہ کی پیٹریائی ڈشوں میں آکسیٹوسین کو آزمایا ہے۔ ہم نے دیکھا کہ یہ انتہائی متاثرہ دل میں مرمت کا اندرونی اور حساس نظام جگا سکتا ہے۔ جلد یا بدیر یہی ٹٰیکنالوجی انسانوں پر بھی استعمال ہوسکے گی۔

ہم جانتے ہیں کہ دل کے دورے میں دل کے خلیات بہت تیزی سے مرتے ہیں اور یوں دل کا کچھ حصہ ہمیشہ کے لیے بے کار اور بے عمل ہوجاتا ہے۔ اس سے دل کی کمزوری بڑھتی ہے اور جلد یا بدیر موت کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق محبت کا ہارمون دل کے خلیاتِ ساق کو نئے سرے سے پروگرام کرسکتا ہے۔ لیکن اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ زیبرا مچھلیاں ایسی چھوٹی مچھلیاں ہوتی ہیں جو غیرمعمولی جانور کہلاتی ہیں۔ اگر ان کی آنکھ، کوئی عضو، دل یہاں تک کہ دماغ بھی متاثر ہوجائے تو مچھلیاں ازخود اس کی مرمت کرسکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے تحقیق میں استعمال کیا جارہا ہے۔

10 Tips For Choosing The Best Car Accident Lawyer

Leave a Comment