موسم سرما شروع ہوتے ہی ایک بڑی آبادی کو پناہ گاہوں کی ضرورت ہوگی، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ موسم سرما شروع ہوتے ہی ایک بڑی آبادی کو پناہ گاہوں کی ضرورت ہوگی۔

ڈپٹی چیئرمین  این ایف آر سی سی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں پانی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں فورم نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں خوراک، طبی وسائل کی دستیابی پر گفتگو کی۔

این ایف آر سی سی نے اجلاس میں ہدایت دی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت عامہ کے عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

این ایف آر سی سی نے کہا کہ کم متاثرہ علاقوں سے عملہ اور اہلکار زیادہ متاثرہ مقامات میں لے جا سکتے ہیں۔

‘سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں خوراک اور دیگر اشیاء کی بہت زیادہ ضرورت ہے’

دوسری جانب اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے سپلائی کے راستے کھولنے کیلئے این 5 کی بحالی یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے حکام بدستور زیر آب علاقوں سے نمٹنے کے لئے روڈ میپ پیش کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ زیادہ تر سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں خوراک اور دیگر اشیاء کی بہت زیادہ ضرورت ہے، بالخصوص خواتین اور بچوں کو غذائی اشیاء بشمول بچوں کے دودھ اور اناج کی اشد ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ موسم سرما شروع ہوتے ہی ایک بڑی آبادی کو پناہ گاہوں اور خیمے کی ضرورت ہوگی۔

‘ریلیف کیمپوں تک آسان رسائی سے مصیبت میں گھرے لوگوں کی مدد ہوسکے گی’

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بدترین سیلاب کی تباہی کی وجہ سے متاثرہ آبادی کو بھاری مقدار میں سپلائی کی ضرورت ہے۔

این ایف آر سی سی نے کہا کہ حکومتی وسائل کے علاوہ عوام اور فلاحی تنظیموں کی بھی مدد کی جانی چاہیے۔

این ایف آر سی سی کا مزید کہنا ہے کہ ریلیف کیمپوں تک آسان رسائی سے مصیبت میں گھرے بھائیوں اور بہنوں کی مدد ہوسکے گی۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment