بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ و دیگرٹیکسز کیخلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی

لاہورہائیکورٹ نے بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ و دیگرٹیکسز کیخلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی۔ 

جسٹس علی باقر نجفی نے لاہور چیمبر اور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن سمیت 300 سے زائد درخواستوں پر سماعت کی جس میں فیسکو کی طرف سے وقار اے شیخ ایڈووکیٹ اورسںنٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی طرف سے محمد علی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

درخواستگزار فلائنگ سیمنٹ کی طرف سے فیصل ظفر ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا کہ نیپرا کے ممبران سے متعلق ایک بات کرنا چاہ رہا تھا کیونکہ کل میں اس کو اچھے طریقے سے واضح نہیں کر سکا تھا۔

درخواستگزار کے وکیل کی وضاحت کی بات پر سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی کے وکیل محمد علی مسکرئے جس پر وکیل نے کہا کہ یہ ہنس رہے ہیں، ہمارے اساتذہ نے تو ہمیں سکھایا ہے کہ فاضل جج کے سامنے نہیں ہنستے۔ ہماری تو ٹانگیں کانپتی تھیں بنچ کے سامنے پیش ہوتے ہوئے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ ایسا 2009 سے پہلے تک ہوتا تھا۔ ہمارے وقت میں ایسا بھی نہیں ہوتا تھا کہ روسٹرم پر وکلا کا ہجوم پڑ جائے۔ اب آپ بڑے ہو گئے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ کیا اپیلٹ ٹربیونل نیپرا کے فیصلے کیخلاف اپیل پر حکم جاری کر سکتا ہے؟

 محمد فہیم ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ اپیلٹ ٹربیونل کو عبوری ریلیف دینے کا اختیار تک نہیں ہے، اپیلٹ ٹربیونل نیپرا فیصلے کیخلاف معاملہ دوبارہ سماعت کیلئے واپس اتھارٹی کو بھجوا سکتا ہے۔ نیپرا قانون میں ترمیم کے بعد اپیلٹ ٹربیونل کے اختیارات کو محدود کیا گیا ہے۔

وکیل درخواستگزار نے کہا کہ اپیلٹ ٹربیونل کے بعد اپیل لاہورہائیکورٹ میں دائر کی جا سکتی ہے اور ہائیکورٹ اس پر مناسب حکم جاری کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔

وکیل فیسکو نے کہا کہ فیسکو کو اعتراض ہے کہ یہ درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں، درخواستگزار زیرو ریٹڈ کے طور پر رجسٹرڈ نہیں ہیں اور عدالت سے ریلیف مانگ رہے ہیں، انڈسٹریز جو زیرو ریٹڈ کے طور پر رجسٹرڈ تھیں انکو گورنمنٹ نے ریلیف پہلے ہی دے دیا تھا۔ زیرو ریٹڈ انڈسٹریز وہ ہیں جو ایکسپورٹ کرتی ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ فیسکو نے زیرو ریٹڈ انڈسٹریز کو عدالتی فیصلے مشروط کر کے ریلیف دیا ہے۔ صنعتی شعبے سے 2018 سے 2021 تک بجلی بلوں میں ایف سی سرچارج وصول کیا جارہا ہے۔ بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ بغیر طریقہ کار وضع کیے بغیر وصول کرنا خلاف قانون ہے۔ نیپرا کا انتظامی لائن لاسز صارفین سے وصول کرنا بھی قانون کی منشاء کیخلاف ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ  صنعتی شعبہ کی لاگت پہلے ہی بہت بڑھ چکی مزید ٹیکس سے نقصان ہوگا۔ تنازعات کے حل کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ایپلٹ ٹربیونلز کو بھی فعال نہیں کیا گیا۔ استدعا ہے کہ عدالت صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے نیپرا کو فعال کردار ادا کرنے کا حکم دے۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت 2018 تا 2022 غیر قانونی وصول کیا گیا ایف سی سرچارج واپس کرنے کا حکم دے اور صارفین کی مشاورت سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ وصولی کا میکنزم بنانے اورفیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی سے روکنے کا حکم دے۔

عدالت نے سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کے وکیل کو ڈیڑھ بجے دلائل کیلئے طلب کرلیا۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment