جے یو آئی سربراہ مولانا خان شیرانی کی عمران خان سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمیعت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا خان محمد شیرانی نے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق جمیعت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا خان محمد شیرانی نے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں جماعتوں کے مابین اشتراک عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقعے پر جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ نے چئیرمین تحریک انصاف کی حقیقی آزادی کی مکمل تائید و توثیق کا اعلان کیا؛ جمعیت علماء اسلام پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین قائم پانچ، پانچ رکنی رابطہ کمیٹیوں کے ذریعے اشتراک عمل کی تفصیلی جہتیں مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے مابین اعلیٰ ترین سطح پر باضابطہ روابط و مشاورت کے طریقہ کار کی فعالیت پر اصولی اتفاق ہوا۔

اس موقعے پر پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مابین اشتراک عمل کے دائرہ کار کو دیگر مکاتب فکر تک توسیع دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

اہل تشیع، بریلوی، اہلحدیث اور دیگر مکاتب فکر کے نمائندہ تنظیموں کو باضابطہ روابط کے ذریعے دائرہ اشتراک میں لایا جائے گا۔

رابطہ کمیٹیوں کے مابین مشاورت کے ذریعے قیادت کے آئندہ اجلاس کے انعقاد کے اہتمام پر بھی اتفاق ہوا۔

جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ مولانا خان محمد شیرانی نے اس دوران بنی نوع انسان کی ضروریات کے پیش نظر ایک جامع نظام کی فکری اور نظریاتی سطح پر تیاری کے لئے ایک تھنک ٹینک کے قیام کے تصور کا اظہار کیا۔

ملاقات میں سینٹر مولانا گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک سمیت دیگر عمائدین موجود تھے۔

سابق اسپکر قومی اسمبلی اسد قیصر، تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے صدر پرویز خٹک، چئیرمین تحریک انصاف کے چیف آف اسٹاف سینٹر شبلی فراز اور سابق وزیر مملکت علی محمد خان بھی ملاقات میں شریک تھے۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment