وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس کمزور ممالک کو موسمیاتی بحران سے نمٹنے میں مدد دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت حنا ربانی کھر کی امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے ملاقات ہوئی ہے ۔
MOS @HinaRKhar met Rep. @Ilhan today. Discussed the impact of climate-induced floods on Pakistan and how 🇺🇸 Congress could help 🇵🇰 efforts to build back better and greener. pic.twitter.com/E8KHtvxPYN
— Spokesperson 🇵🇰 MoFA (@ForeignOfficePk) September 27, 2022
ملاقات کے دوران حنا ربانی کھر نے امریکی حکومت کی طرف سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے فراہم کی جانے والی بروقت امداد کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہتر، سرسبز اور لچکدار انداز میں تعمیر کرنے میں مدد کے لیے امریکہ اور عالمی برادری کی اضافی مدد درکار ہوگی۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ دنیا کو یکساں طور پر موسمیاتی بحران کا بوجھ بانٹنا چاہیے کیونکہ یہ ایک عالمی چیلنج ہے جس کے لیے عالمی ردعمل اور اجتماعی کارروائی کی ضرورت ہے۔
کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے پاکستان میں بے مثال سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے تباہ کن سیلاب سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو مزید امداد کی فراہمی کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
دونوں فریقوں نے زراعت اور موسمیاتی تبدیلی سمیت متنوع شعبوں میں مستقل شمولیت کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔