سراج الحق نےکہا ہے کہ یوسف القرضاوی کو عالم اسلام میں اسلامی اسکالر اور فقیہہ کی حیثیت حاصل تھی۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج پوری امت مسلمہ شیخ القرضاوی کے لیے سوگوار ہے، جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر میں علامہ یوسف القرضاوی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یوسف القرضاوی نے ساری زندگی اقامت دین کی جدوجہد میں گزاری، اپنی زندگی اسلامی تعلیمات، دعوت اور ملت اسلامیہ کے دفاع کے لیے وقف کر دی۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ القرضاوی نے ملت اسلامیہ کو ایک کلمہ پر یکجا کرنے کی سعی جاری رکھی جبکہ انہوں نے فلسطینی کاز کا دفاع کیا اور مضبوط آواز سے مظلوموں کی حمایت بھی کی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ یوسف القرضاوی کو عالم اسلام میں اسلامی اسکالر اور فقیہہ کی حیثیت حاصل تھی، سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ سے القرضاوی کا مشفقانہ، قریبی اور عقیدت پر مبنی تعلق رہا۔
معروف عالم دین شیخ علامہ یوسف القرضاوی خالق حقیقی سے جا ملے
دنیائے اسلام کے ممتاز عالم دین، اخوان المسلمین سے وابستہ رہنے اور کئی کتابوں کے مصنف علامہ یوسف القرضاوی 96 سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
شیخ علامہ یوسف القرضاوی کے انتقال پر علمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شیخ یوسف القرضاوی انٹرنیشنل یونین آف مسلم اسکالرز کے چیئرمین بھی تھے، عرب دنیا میں انہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی، انہوں نے 50 سے زیادہ کتابیں تصنیف کیں، اسلامی قانون اور فقہ ان کا خاص موضوع تھا جب کہ وہ عالم اسلام میں جمہوری نظام کے بڑے حامی سمجھے جاتے تھے۔