اسحاق ڈار کا آج احتساب عدالت پیش نہ ہونے کا امکان

آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں اسحاق ڈار کا آج احتساب عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے ملزم کو آج عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

پیشی کے لئے آج صبح پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی عدالت پہنچے تھے جہاں انہیں احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر کے چھٹی پر ہونے کا پتہ چلا۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ نے آئی جی سے مکالمے میں کہا کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر آج چھٹی پر ہیں، جج جب آئیں گے تو ہم بھی اسی روز آ جائیں گے۔

بعدازاں وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ اور مسلم لیگ کے رہنما احتساب عدالت سے واپس چلے گئے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری 7 اکتوبر تک معطل کر رکھے ہیں تاہم عدالت نے تحریری حکم میں کہا تھا کہ ملزم خود عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے تو ایک موقع دیا جانا ضروری ہے۔

عدالت نے تحریری آرڈر میں لکھا اسحاق ڈار کے وارنٹس ان کی عدالت حاضری یقینی بنانے کیلئے ہی تھے۔

واضح رہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف 8 ستمبر 2017 کو آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا تھا جس کے بعد احتساب عدالت نے 27 ستمبر 2017 کو اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم 11 دسمبر 2017 کو اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment