پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین الکیشن کمیشن کیس کی سماعت آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آج عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز کی سماعت کرے گا۔
الیکشن کمیشن کا چار رکنی بینچ توہین الیکشن کمیشن کیسز کی سماعت کرے گا۔
اس سے قبل 7 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنما سے 12 ستمبر کو جواب اور حتمی دلائل طلب کئے گئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے جوابات کو غیر اطمینان بخش قرار دیا ہے تاہم الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 110 کے تحت تینوں رہنماؤں کو کل ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان توہین الیکشن کمیشن کرنے والے واحد سیاستدان نہیں، ماضی میں کچھ دیگر شخصیات بھی اس کی مرتکب ہوئی ہیں جس میں نواز شریف کا نام بھی شامل ہے۔
تاریخ کے مطابق 1992 میں نواز شریف کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر فخر عالم کے خلاف سخت بیانات پر توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری ہوا تھا تاہم نااہل قرار دیے جانے کے خطرے کے پیش نظر نواز شریف نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر فخر عالم سے تحریری معافی مانگی تھی۔
بعدازاں 1994 میں اس وقت کے وزیر پارلیمانی امور شیر افگن نیازی کو متنازعہ پریس کانفرنس پر توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جنہوں نے بینظیر بھٹو کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر نعیم الدین سے تحریری معافی مانگی تھی۔
اسکے علاوہ 2001 میں چیئرمین نادرا میجر جنرل ذاہد حسین کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف متنازعہ ریمارکس پر توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جنہوں نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبد القدیر چوہدری کو تحریری معافی نامہ جمع کرایا تھا
عمران خان کو 2017 میں توہین عدالت کے دو نوٹسز بھجوائے گئے تھے تاہم عمران خان 2017 میں غیر مناسب رویے پر الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگ چکے ہیں۔
رواں سال عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز پر کارروائی جاری ہے۔