سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں اپنے ملک واپس آگیا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پہنچنے پر دیے گئے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے مجھے کہا ہے کہ میں وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں قبول کروں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجھے کہا کہ پاکستان جس معاشی بھور میں پھنسا ہے اس کو نکالیں جس طرح 1998-99 اور 2013-14 میں بھی پاکستان کو معاشی بھور سے نکالا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے ہم مثبت سمت میں جائیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا اور برطانیہ کے بھرپو دورے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
5 سال سے خود ساختہ جلا وطن لیگی رہنما سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد خصوصی طیارے میں لندن سے براہ راست اسلام آباد پہنچا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور ان کے وفد کو لانے والے طیارے نے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا ہے۔