عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت دو ہفتوں تک ملتوی

سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت دو ہفتوں تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی میں مبینہ غلط بیانی کے معاملے پرسابق وزیراعظم اور سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان کی نااہلی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس عامر فاروق نے شہری محمد ساجد کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزارنے عدالت کے سامنے مؤقف اپنایا کہ ہم نے اس کیس میں متفرق درخواست دائر کی ہے، ہم اس کیس میں وفاق کو فریق بنانا چاہتے ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وفاق کو اس کیس میں فریق بنانے کی ضرورت کیا ہے؟ اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مطمئن کرنا ہوگا، عمران خان اب پبلک آفس ہولڈر نہیں اس نکتے کو بھی دیکھ لیں۔

بیرسٹر عثمان، وکیل درخواست گزارنے مؤقف اپنایا کہ عمران خان کا ابھی استعفیٰ منظورنہیں ہوا۔

عدالت نے کہا کہ یہ بتائیں کہ اس کیس کو الیکشن کمیشن کیوں نہ بھیجیں؟ عمران خان نے اپنا بیان حلفی الیکشن کمیشن کو دیا تھا۔  فیصل واوڈا کیس بھی اسی نیچر کا تھا الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بیان حلفی دینے کا معاملہ تھا۔ ان تمام نکات پرعدالت کو مطمئن کریں ایک تاریخ رکھ لیتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس پرسماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment