چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی کی ملاقات ہوئی جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں کسٹمز، تجارتی سہولتوں اور ٹیکس سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ محکمے کسٹمز اور ٹیکس کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے ، اس اقدام سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ بھی ملے گا۔
قطری سفیر کو ایف بی آر کی جانب سے کیے گئے حالیہ پالیسی اور انتظامی اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا جس پر قطری سفیر نے ایف بی آر کی ٹیکس اکھٹا کرنے کی کارگردگی کو سراہا
اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے کہا کہ پاکستان قطر کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے قطری تاجروں کو مکمل سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔