سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ دریا میں سیوریج کو ڈالنا یا اسے گندا کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق کوٹلہ ٹورازم گالہ کے افتتاح کے موقعے پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی کوٹلہ سیاحت کے لئے بہت ہی خوبصورت جگہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گالہ کے منتظم خورشید عباسی پی ٹی آئی کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ہیں، کپتان کے وژن کے مطابق خورشید عباسی روزگار کے نئے مواقعے پیدا کرنے کے مشن پر ہیں جبکہ خورشید عباسی کی دعوت پر آنے سے ہی وادی کوٹلہ کی وادیوں کے بارے میں علم ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آزاد جموں کشمیر بینک سے آسان اقساط پر سیاحتی سرگرمیوں کے لئے چھ کروڑ تک قرض دیں گے لیکن شرط یہ ہے کہ یہاں چھ سو نوجوانوں کو روزگار ملے۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر سیاحت کے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اس موقعے پر انہوں نے لوگوں سے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی آلودگی سے بچانا ہو گا، دریائے نیلم کے پانی کو آلودہ نہیں ہونے دینا اور دریا میں سیوریج کو ڈالنا یا اسے گندا کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت چھ کروڑ قرضہ دے رہی ہے جو سات سال میں انتہائی آسان اقساط میں واپس کرنا ہو گا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے دریائے نیلم کے پانی کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے پبلک بیت الخلا تعمیر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مونسپل ادارے فوری طور پر دریا کی دونوں جانب بیت الخلا تعمیر کرنے کا اہتمام کریں، خواتین کے لئے الگ بیت الخلا تعمیر کئے جائیں۔ دریا کی دونوں جانب سیاحوں کے لئے ہٹس بھی تعمیر کئے جائیں گے۔