عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آج عمران خان کی تقریر بہت اہمیت کی حامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے احتجاج سے یہ خوفزدہ ہیں، ہمارے دور میں بھی مہنگائی مارچ ہوئے لیکن ہم نے کسی کو نہیں روکا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے، انہوں نے ہر حربہ استعمال کیا لیکن عمران خان کی مقبولیت کم نہ کر سکی۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سارے پتے اپنے سینے سے لگائے ہوئے ہیں، عمران خان آج بڑا علان بھی کر سکتے ہیں اور عمران خان آج کیا اعلان کریں گے یہ پارٹی میں کسی کو نہیں پتہ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے 41 فیصد مہنگائی کی اور آگے بھی کرنے والے ہیں، ان کا مقصد خود کو ریلیف دینا تھا جو پورا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت بہت تنگ ہیں، خود احتجاج کررہے ہیں، فوری انتخابات کے علاوہ اور کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔
عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ آج عمران خان کی تقریر بہت اہمیت کی حامل ہے، آج توقع ہے کہ عمران خان آگے کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ خود ہی کہہ رہے ہیں کہ عمران خان مسلح جتھے لیکر آرہے ہیں تو عمران خان نے کب کہا کہ ہم ریڈ زون آرہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کو صاف بتا دیا گیا ہے کہ آپ کا کام یہی تک تھا ختم ہوا، اسحاق ڈار جب آئیں گے تو وزیرخزانہ نہیں اکانومی منسٹر ہوں گے۔