عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ قوم پی ڈی ایم ٹولے کو ایک لمحہ بھی برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔
مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی قیادت میں پنجاب عمران خان کے وژن کے مطابق حقیقی ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ تعلیم ،صحت ،روزگار ، انفراسٹرکچر اور عوامی خدمت کے فلاحی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی خدمت میں دن رات ایک کیے ہوئے ہے جبکہ وفاقی حکومت صرف انتشار اور فسطائیت کی راہ پر چل رہی ہے۔
مشیر اطلاعات حکومت پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو شہباز زرداری کرپٹ ٹولے کی بے رحمانہ اور ظالمانہ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز زرداری حکومت مہنگائی ، پیٹرول ، بجلی ، ٹیکسوں میں ظالمانہ اضافہ سے عوام کو زندہ درگور کرنا چاہتی ہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان قوم کی کرپٹ ٹولے سے جان چھڑوانے کیلئے لانگ مارچ کی فائنل کال دے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قوم پی ڈی ایم ٹولے کو ایک لمحہ بھی برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں، لاکھوں لوگوں کا سمندر اسلام آباد پہنچے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ کی گیدڑ بھبھکیاں کسی کام نہیں آنے والی قوم ان کا حشر نشر کردے گی۔
مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولے کے پاس ایک آپشن بچا ہے کہ وہ ملک اور قوم پر رحم کھائے اور گھر جائے۔