وزیراعظم شہباز شریف آج بروز جمعہ 23 ستمبر کو اقوام متحد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیں گے اور سیلاب سے متاثرہ پاکستان کی تعمیر نو وبحالی میں عالمی برادری سے تعاون اور مدد کی اپیل بھی کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے چوتھے روز اعلیٰ سطح کے مباحثہ میں 12ویں اسپیکر ہوں گے جبکہ 193 ممبر اسمبلی میں اب تک 140 عالمی رہنما حصہ لے چکے ہیں۔
پاکستان ٹیلی ویژن وزیر اعظم کا خطاب براہ راست نشر کرے گا اور بعد میں وزیر اعظم اپنے ہالینڈ کے ہم منصب عزت مآب جناب مارک رٹ سے دو طرفہ امور پر ملاقات کریں گے۔
سہ پہر میں وزیر اعظم سے ملالہ فنڈ کی شریک بانی، محترمہ ملالہ یوسفزئی ملاقات کریں گی جبکہ وزیر اعظم امریکی کانگریس کی خاتون رکن، شیلا جیکسن لی کے ساتھ زووم ملاقات میں بھی شریک ہوں گے۔
علاوہ ازیں شام میں، وزیر اعظم شہباز شریف امریکا میں اپنا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کر نے کے بعد لندن روانہ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی پیچیدہ اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے بحرانوں کے پس منظر میں منعقد ہو رہی ہے، تنازعات، موسمیاتی تبدیلی اور کوووڈ -19 نے پوری کرہ ارض میں خاص طور پر سب سے زیادہ کمزور آبادیوں میں عدم مساوات، غربت اور بھوک کو بڑھا دیا ہے۔