شہر قائد میں پولیس والے بھی ڈاکوؤں سے نہ بچ سکے، ڈی ایس پی سے آٹھ لاکھ روپے چھین لیےگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس افسر کو بھی نہ بخشا، گلشن اقبال عزیزبھٹی کے علاقے میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ڈی ایس پی سے ڈاکوؤں نے 8 لاکھ روپے چھین لیے۔
عزیز بھٹی پولیس نے گزشتہ روز ہونے والی واردات کا مقدمہ درج کرلیا۔
مدعی مقدمہ ڈی ایس پی سعد جبار کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال میں منی ایکسچینج سے ایک لاکھ 85 ہزار روپے وصول کیے۔پیسے لے کر میں بینک پہنچا، جہاں 85 ہزار روپے اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرائے اور سات لاکھ روپے نکلوائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر آٹھ لاکھ روپے میرے پاس تھے جسے سفید لفافے میں رکھ لیا۔بینک سے نکل کر رقم والا لفافہ کار کی سیٹ کے نیچے ڈال دیا لیکن جب شانتی نگر میں گھر کے قریب پہنچا تو دو موٹرسائیکل پر سوار چار ملزمان نے مجھے روک لیا۔
ڈی ایس پی سعد جبار نے بتایا کہ اسلحہ بردار ملزمان نے اتر کر کار کا دروازہ کھولا اور پستول تان کر کہا کیش نکالو، میں نے خوفزدہ ہوکر سیٹ کے نیچے رکھا لفافہ اٹھا کر ملزم کے حوالے کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے مجھ سے دو قیمتی موبائل فون اور کار کی چابی بھی چھین لی، واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لگتا ہے ملزمان نے بینک سے تعاقب کیا اور گھر کے قریب آکر واردات کی۔واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔