سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام 16 اکتوبر کو ضمیر فروشوں اور لوٹوں کو عبرتناک شکست دے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ و پی ٹی آئی کے سینئر رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 157 میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک تاریخ کے نازک ترین موڑ پر ہے، قوم مشکل میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے، مہنگائی نے سفید پوش طبقے کی کمر توڑ دی ہے، تحریک انصاف امپورٹڈ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں اور مہنگائی کے طوفان کے خلاف آواز بلند کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے عمران خان نے فیصلہ کن تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے، حکمرانوں پر بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے، اسلام آباد جانے والے راستے سیل کئے جا رہے ہیں، نا اہل اور امپورٹڈ حکمران اقتدار چھوڑ کر عوام کی عدالت میں جائیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام جس کو مینڈیٹ دیں گے وہ سب کو قبول کرنا ہو گا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مگر پاکستان میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آرہی حکومت کس سمت میں جا رہی ہے، حکومت غربت نہیں بلکہ غریبوں کو ختم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے، عوام امپورٹڈ حکومت کی مہنگائی کے سیلاب سے چھٹکارا پانے کیلئے عمران خان کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدواروں کو مسترد کریں، حکمران ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہے ہیں، اب بھی وقت ہے حکمرانوں کو اقتدار سے فی الفور الگ کر کے نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے، جتنے دن یہ لوگ اقتدار میں رہیں گے ملک اور قوم دونوں مشکل میں رہیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور شہباز شریف غیر ملکی دوروں پر ہیں، عوام پی پی‘ ن لیگ کو کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے مسترد کر چکے ہیں، این اے 157 کا ضمنی انتخاب دو نظریوں کا انتخاب ہے، ایک نظریہ ملک بچانے جبکہ دوسرا نظریہ ملک لوٹنے اور مفادات کی سیاست کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اب ملک لوٹنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، عوام 16 اکتوبر کو ضمیر فروشوں اور لوٹوں کو عبرتناک شکست دیں گے، 16 اکتوبر کو عوام نے بلا چلانا ہے اور بلا اس طرح چلنا ہے کہ تمام گیندیں باؤنڈری سے باہر ہوں گی۔