
چودھری پرویز الٰہی
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم پولیس کو درپیش دیگر مسائل حل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کانفرنس ہوئی جس میں پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب سے کوئی افسر ہماری اجازت کے بغیر غیر قانونی طور پر واپس نہیں جائے گا، آئینی اور قانونی طور پر پنجاب حکومت مفاد عامہ کے تحت افسران کو روک سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جی او آر میں افسروں کے لیے رہائشی سہولتوں میں اضافہ کریں گے، جی او آر کے بڑے گھروں اور کوٹھیوں کا رقبہ کم کر کے اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے، جی او آر میں کئی کوٹھیاں 8،8 کنال رقبے پر مشتمل ہیں، 8 کنال پر مشتمل گھروں کی جگہ جدید طرز پر اپارٹمنٹس کی تعمیر سے متعدد افسران کی رہائشی ضرورت پوری ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 150 پولیس پٹرولنگ پوسٹیں بنائیں گے، کچے کے علاقے میں اسپیشل فورس کو تنخواہ کا خصوصی پیکیج دیں گے، کچے کے علاقے میں بنکر قائم کیے جائیں گے، بلٹ پروف گاڑیاں اور آرمڈ، بلٹ پروف جیکٹس اور ٹریکر والی خصوصی گاڑیاں فراہم کریں گے، ہماری طرف سے پولیس کو سپورٹ اور ٹھنڈی ہوا آئے گی، ٹھنڈی ہوا نیچے عوام تک جانی چاہیے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عام آدمی کو تھانے میں فوری انصاف ملنا چاہیے، پولیس کا فرض ہے کہ وہ تھانے آنے والے ہر مسائل کی بلاتفریق دادرسی کرے، جب عام آدمی کا رویہ پولیس کے بارے میں بدلے گا تب ہی تھانہ کلچر بھی تبدیل ہو گا، ایف آئی آر اور دادرسی کیلئے عوام کو بار بار تھانے جانے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایف آئی آر قانون کے مطابق مضبوط ہونی چاہیے، انوسٹی گیشن کے عمل کو بہتر اور موثر بنایا جائے تاکہ مجرم سزا سے بچ نہ سکے، لاڈ گری والے پولیس افسروں کو انوسٹی گیشن افسر بنایا جائے گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پولیس کا کمزور انوسٹی گیشن کی وجہ سے کیس ہارنا سبکی کا باعث بنتا ہے، پنجاب پولیس کی معاونت کے لئے پٹرولنگ پولیس پوسٹیں قائم کیں، پولیس کے دیگر ایشوز بھی حل کریں گے، پولیس کیلئے گاڑیاں دے رہے ہیں، مانیٹرنگ کیلئے ایف آئی آر کی تین کاپیاں سی ایم مانیٹرنگ سیل، متعلقہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو بھجی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ سائل کی خدمت کرے اور سائل کو اب تھانے میں واضح فرق نظر آنا چاہیے، کچے کے علاقے کیلئے آرمی کے ریٹائرڈ کمانڈو پر مشتمل فورس قائم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں، محرم الحرم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہترین کارکردگی پر پولیس افسروں اور ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے دوران امن عامہ کے انتظامات کی میں نے خود مانیٹرنگ کی۔
وزیر اعلیٰ نے جرائم پیشہ عناصر اور گینگز کے خلاف موثر کارروائی پر رحیم یار خان اور راجن پور کے ڈی پی اوز کو شاباشی دی۔
اس موقعے پر سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے خصوصی شرکت کی۔
کانفرنس میں صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اسد اللہ خان، ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیز، آر پی اوز اور سی سی پی او لاہور نے شرکت کی۔