وزیر خارجہ نےکہا ہے کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کی ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیرخارجہ نے توسیعی ٹرائیکا میکانزم سمیت افغانستان میں آگے بڑھنے کےلئے علاقائی اتفاق رائے پیدا کرنے میں پاکستان کی سہولیات فراہم کرنے کوششوں کو اجاگر کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے افغان عوام کے مصائب کے خاتمے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کوششوں اور بین الاقوامی برادری کی شمولیت کے مشترکہ مقاصد کے لئے مسلسل تعاون کی ضرورت کا اعتراف کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کی حمایت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی انسانی امداد کی وسیع سہولت کے لئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
افغانستان اور اس سے باہر دیرپا امن و استحکام کے لئے عبوری افغان حکومت کے ساتھ بین الاقوامی رابطے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کی ترجیح ہے۔
افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ نے افغانستان میں امن و استحکام اور انخلاء میں سہولت پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔