خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں وبائی امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیلابی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بیرونی امداد، راشن، ادوایات، کیمپس دیگر امدادی سامان کی تقسیم پر منفی خبریں سامنے آئیں۔
بیرونی امدادی سامان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، ویڈیو میں واضح دیکھا گیا مقامی کونسلر نے امدادی سامان، راشن کو چھپایا ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں وبائی امراض میں اضافہ ہورہا ہے، راشن کی منصفانہ تقسیم کیلئے سندھ حکومت کی کیا حکمت عملی ہے؟
خرم شیر زمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کہتے ہیں ڈیمز کی تعمیر سے حالات میں بہتری نہیں آئے گی، وزیر اعلیٰ بتائیں سندھ حکومت کے پاس ڈیمز کے علاؤہ کیا بہتر پلان ہے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں سیلابی صورتحال پر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور کردار تشویشناک ہے، صوبے میں سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ حکومت کے اقدام اور لائحہ عمل سے فوری آگاہ کریں۔