ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبے کو نقصان اور مویشیوں کی ہلاکتوں کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ورلڈ بینک نے اپنی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔
جاری کردہ رپورٹ می بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مزید 1 کروڑ 54 لاکھ افراد غربت کا شکار ہونگے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کی نمو رواں مالی سال 1.4 فیصد سے 2.4 فیصد رہنے کا امکان ہے اور رواں مالی سال پاکستان کے زرعی شعبے کی نمو منفی ہونے کا امکان ہے۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ سیلاب سے گندم، کپاس، مکئی اور گنے کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی وجہ سے محصولات میں کمی ہوسکتی ہے۔
جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ زرعی شعبے کو نقصان اور مویشیوں کی ہلاکت کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، پرائمری بجٹ خسارہ بلحاظ جی ڈی پی 2.8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق سیلاب سے عوام کے اثاثوں، مویشیوں کے نقصان کی وجہ سے خوراک کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ورلڈ بینک کا مزید کہنا ہے کہ پہلے ہی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔