پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دوست ممالک پیش پیش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے 12 ممالک، 3 عالمی تنظیموں سے 104 امدادی طیارے پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے سب سے زیادہ 39 امدادی طیارے راولپنڈی، کراچی اور لاہور بھیجے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 18 امدادی طیارے سکھر، کراچی اور راولپنڈی بھیجے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 13 طیارے امداد کراچی اور راولپنڈی بھیجے جبکہ چین اور قطر سے 4، 4 امدادی طیارے پاکستان آئے۔
ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب سے متاثرین سیلاب کے لیے امداد لے کر 2 طیارے پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ ازبکستان، ترکمانستان، فرانس، اردن، نیپال، برطانیہ سے ایک ایک امدادی طیارہ پاکستان پہنچا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیسف نے 2، اقوام متحدہ ادارہ مہاجرین نے 9، عالمی ادارہ خوراک نے 3 امدادی طیارے بھیجے۔