ہمارا چہرہ ہی ہماری شناخت ہوتا ہے، تو پھر کیوں نہ اس کی حفاظت کی جائے۔ بازارمیں موجود لاتعداد، ٹونر، کلینسر، اسکربس اور فیس ماسک موجود ہیں۔ لیکن ایک جانب تو ان کی قیمت زیادہ ہے تو دوسری جانب خود ان میں لاتعداد کیمیکل کی بھرمار ہوتی ہے۔ لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ آپ گھریلو اشیا سے ہی یکساں تاثیر کے فیس ٹونر اور قدرتی فیس کلینر بناسکتے ہیں۔
توآئیے کہ آپ کے کچن میں موجود ایسی کونسی اشیا ہیں جن سے چہرے کی شادابی کا سامان کیا جاسکتا ہے۔
ٹماٹر اور کھیرے کا ٹونر
اسے بنانا بہت آسان ہے۔ ایک چھوٹا کھیرا اور ایک بڑا ٹماٹر بلینڈر میں ڈال کر اس کا پیسٹ بنالیں۔ اسے چھوٹے شفاف جار میں بند کرکے تین روز تک فریج میں رکھ دیں۔
استعمال کرتے وقت، اس پیسٹ کو کاٹن کی مدد سے نرمی سے چہرے اور گردن پر لگائیں اور جلد میں جذب کرنے کی کوشش کیجئے۔ پھر پانچ منٹ تک اسےچہرے اور گردن پر لگا رہنے دیجئے اور نیم گرم پانی سے دھولیجئے۔
ٹماٹر میں موجود اینٹٰی آکسیڈنٹس جلد پر بہت اچھا اثر ڈالتے ہیں۔ یہاں کھیرے کے کیمیکل بھی جلد کو ہموار اور خوبصورت بناتے ہیں۔
ٹماٹر فیس اسکرب
ٹماٹر کو ٹکڑوں کی صورت میں کاٹ لیں۔ اس پر معمولی مقدار میں چینی چھڑکیں۔ اب دائرے کی صورت میں ٹماٹر کو چہرے پر رکھ کر گھمائیں۔ یاد رہے کہ ٹماٹر کو بہت زیادہ رگڑنا نہیں ہے ورنہ جلد پر منفی اثر ہوگا۔ کچھ دیر بعد نیم گرم پانی سےچہرہ دھولیجئے۔
اس طرح شکریات اور ٹماٹر کے اینٹی آکسیڈنٹس ساتھ مل کر جلد کو بہترین اسکرب فراہم کریں گے۔
انڈے اور انگور کا فیس فرمر
ایک انڈہ اور انگور کے چند دانے بلینڈر میں بلینڈ کریں۔ انہیں اچھی طرح گرائنڈ کیجئے تاکہ انگور کے دانوں کا تیل باہر آجائے۔ تیار ہونے کے بعد فیس برش سے چہرے پر نیچے سے اوپر کی جانب لگائیں۔ 15 منٹ بعد چہرے کو دھولیجئے۔
انگوروں میں فائٹو نیوٹریئنٹس موجود ہوتے ہیں جو سورج اور دھوپ کی تمازت سے چہرے کو جھلسنے سے بچاتے ہیں۔ ان میں وٹامن سی بھی پایا جاتا ہے جو چہرے پر نکھار لاتا ہے اور اس کی لچک برقرار رکھتا ہے۔