کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے تاہم بارش سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہاؤں کے ساتھ بارش ہوئی، اس دوران کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا جو اب بھی چند علاقوں میں جاری ہے۔

شہر قائد میں جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں شارع فیصل، ائیر پورٹ، ملیر، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشن حدید، قائد آباد، لانڈھی اور گلشن اقبال شامل ہیں جب کہ  لیاقت آباد، کورنگی اور قیوم آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں اچانک بارش سے تین دن سے جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور ہوائیں چلنے لگیں جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ گزشتہ چند روز کے دوران شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں سے برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔

کے ترجمان عمران رانا نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے بارش کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں، ایسے میں تیز ہوا اور آندھی چلنے کی صورت میں زیر تعمیر عمارات، بل بورڈز، اسٹریٹ لائٹ کے کھمبوں سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل آسکتا ہے جب کہ شہری ٹوٹے ہوئی تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا عملہ صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہا ہے، بجلی کی ایمرجنسی شکایت کی صورت میں 118 پر کال کریں۔

Best Health Insurance Battle Creek

Leave a Comment