چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کیلئے وکلاء کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم خرابی کے باعث یہاں پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔
عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان میں حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، وکلاء کو حقیقی آزادی کی تحریک میں کردار ادا کرنا ہو گا، وکلاء کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی قائم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک پر بڑے بڑے ڈاکو مسلط کیے گئے، جب تک ہم اپنے آپ کو ان سے آزاد نہیں کریں گے تب تک ہمارا مستقبل اندھیرے میں ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں آج آپ وکلاء کے پاس آیا ہوں کہ میں آپ سب کو اپنی ٹیم بنائوں۔
عمران خان نے کہا کہ آپ وکلاء قانون کو زیادہ جانتے ہیں، آپ کی زمہ داری ہے کہ اس ملک میں قانون کی بالا دستی قائم ہو۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اس حقیقی آزادی میں ہمیں وکلاء کی ضرورت ہے تاکہ ہم آئینی طور پر ان چوروں کا مقابلہ کر سکیں۔