احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ میں کثیر الجہتی اقتصادی تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے امریکی سفیر ڈانل بلوم کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں امریکی سفیر نے حالیہ سیلاب میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ امریکی سفیر نے متاثرین کی بحالی اور امدادی عمل میں امداد کی بھی پیشکش کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ غیرمعمولی سیلابی صورتحال موسمی تبدیلی کا نتیجہ ہے، ریکارڈ بارشوں نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ریسکیو اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حکومت عوام کے جانی و مالی نقصان کا مداوا کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی معیشت کو سخت فیصلوں سے صحیح رخ پر گامزن کیا ہے لیکن کہ حالیہ سیلاب سے نہ صرف جانی نقصان ہوا ہے بلکہ ملک کے انفراسٹرکچر کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے جس کی بحالی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ میں کثیر الجہتی اقتصادی تعلقات ہیں، عالمی برادری کی بھرپور شرکت کے ساتھ چیلنج پہ قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ملاقات میں امریکی سفیر ڈانل بلوم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد جاری رکھے گا۔