وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام تیزی سے جاری ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سوات اور کالام میں سیلابی ریلے سے ہوٹل، گھر ،عمارتیں اور مکانات تباہ ہوئے ہیں البتہ امدادی کام تیزی سے جاری ہےکوشش ہے متاثرین کی بروقت مدد کریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ میں پانی چاروں طرف پھیلاہوا ہے، کوئی جگہ خشک نہیں، خرم دستگیر بجلی کے مسئلے کے حل تک سندھ میں ہی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی علاقوں میں بھی سیلاب اور بارشوں سے بڑی سطح پر نقصانات ہوئے ہیں، متاثرین سیلاب کے لیے ہیلی کاپٹرز اور کشتیو ں کے ذریعے امداد فراہم کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ کے متاثرہ علاقوں کے لیے گزشتہ روز گرانٹ کا اعلان کیا، سکھر اور شدید متاثرہ علاقوں میں امدادی اور میڈیکل کیمپس کے قیام پر این ڈی ایم اے کے مشکورہیں۔
انہوں نے کہا کہ 38 ارب روپے کی رقم حکومت سب کو تقسیم کرے گی جبکہ پچیس ہزار روپے فی خاندان ہرآفت زدہ علاقے میں انشااللہ پہنچائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ایک جماعت ایسی سیاست کر رہی ہے جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔